اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے درمیان ملاقات میں ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ وزیراعظم نے بلاول بھٹو کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام بھی کیا۔
بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم ہاؤس میں عشائیے میں شرکت کے بعد روانہ ہوگئے۔ ملاقات میں وفاقی وزراء امیر مقام، احسن اقبال اور رانا ثناء اللہ بھی موجود تھے۔
پیپلز پارٹی کے وفد میں سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف، شیری رحمٰن، نوید قمر، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر شامل تھے۔
عشائیے سے قبل بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پیپلز پارٹی کا اعلیٰ سطح کا اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔
تاہم وزیراعظم اور بلاول بھٹو کی ملاقات میں زیرِ بحث آنے والے دیگر امور یا کسی حتمی فیصلے کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔