تازہ ترین

پاکستان کا مقامی سطح پر تیار کردہ فاز میزائل کا کامیاب تجربہ

0

اسلام آباد: پاکستان نے دفاعی ٹیکنالوجی میں خود انحصاری کی جانب ایک اور اہم پیش رفت کرتے ہوئے مقامی سطح پر تیار کردہ ہوا سے فضا میں مار کرنے والے فاز میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جدید ترین فاز میزائل نے تجربے کے دوران کامیابی سے اپنے ہدف کو نشانہ بنایا۔ یہ میزائل پاکستان میں تیار کیا گیا ہے اور جدید ٹرمینل گائیڈنس سسٹم سے لیس ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ جدید رہنمائی کے نظام سے لیس یہ میزائل دشمن کے فضائی اہداف کو طویل فاصلے سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے، جبکہ اس کی شمولیت سے پاکستان فضائیہ کی آپریشنل لچک میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

ترجمان کے مطابق فاز میزائل کا کامیاب تجربہ پاکستان کی قومی ایرو اسپیس اور دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کی جانب اہم سنگ میل ہے۔ یہ کامیابی ملکی دفاعی صنعت کی تکنیکی پختگی، جدت اور خود انحصاری کی عکاسی کرتی ہے۔

میزائل کے تجربے کے موقع پر مسلح افواج کے اعلیٰ افسران، ممتاز سائنسدانوں اور انجینئرز بھی موجود تھے۔

کامیاب تجربے پر صدر مملکت، وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور مسلح افواج کے سروسز چیفس نے سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد پیش کی اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.