تازہ ترین

ٹرمپ کا رواں سال کے بعد اسرائیل کی سالانہ 4 ارب ڈالر فوجی امداد بند کرنے کا اعلان

0

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں سال کے اختتام کے بعد اسرائیل کو سالانہ چار ارب ڈالر کی فوجی امداد فراہم نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل اب اس مالی معاونت کا محتاج نہیں رہا، تاہم ضرورت پڑنے پر امریکا اس کی مدد کرے گا۔

ایک امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے ساتھ اس معاملے پر معاہدہ کیا ہے اور دونوں فریق کئی ماہ قبل فوجی امداد بند کرنے پر متفق ہوچکے ہیں۔

امریکی صدر کے مطابق رواں سال کے اختتام تک اسرائیل کو ادائیگیاں روک دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو اب اس رقم کی ضرورت نہیں رہی، جبکہ بعض ڈیموکریٹ اور بائیں بازو کے سیاست دان امریکی امداد کو ری پبلکنز پر تنقید کے لیے استعمال کررہے ہیں۔

دوسری جانب امریکا میں صدر ٹرمپ کی دوسری مدتِ صدارت کے ابتدائی دو برسوں کی کارکردگی پر وسط مدتی انتخابات میں رائے دہندگان فیصلہ دینے جارہے ہیں۔ انتخابی جائزوں اور غیر جانب دار تجزیہ کاروں کے مطابق ڈیموکریٹس کو ایوان نمائندگان میں ری پبلکنز پر برتری حاصل کرنے کا امکان ہے، جبکہ سینیٹ کا کنٹرول غیر یقینی قرار دیا جارہا ہے۔

سینیٹ کی نشستوں کے لیے تقریباً 10 ریاستوں میں سخت مقابلہ متوقع ہے، جن میں سے زیادہ تر روایتی طور پر ری پبلکنز کے مضبوط حلقے سمجھی جاتی ہیں۔

دوسری جنگ عظیم کے بعد سے ہونے والے وسط مدتی انتخابات میں امریکی صدر کی جماعت کو کانگریس میں اپنی نشستیں برقرار رکھنے یا ان میں اضافہ کرنے میں صرف دو مرتبہ کامیابی ملی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ٹرمپ کی مقبولیت بھی اپنی کم ترین سطح کے قریب ہے، جس کی ایک بڑی وجہ ایران کے ساتھ جنگ اور اس کے نتیجے میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافے پر عوامی ناراضی بتائی جارہی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.