تازہ ترین

وزیراعظم کا اسلام آباد کے سرکاری اسکولوں کے مسائل ایک ہفتے میں حل کرنے کا حکم

0

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی دارالحکومت کے سرکاری اسکولوں میں بنیادی ڈھانچے، نصاب اور اساتذہ کی تربیت سمیت مختلف شعبوں میں فوری اصلاحات کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ مسائل ایک ہفتے میں حل کرنے کا حکم دیا ہے۔

سرکاری اسکولوں میں اصلاحات سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کو ہدایت کی کہ نشاندہی کیے گئے مسائل مقررہ مدت میں حل کیے جائیں۔

وزیراعظم نے اسکولوں کے بنیادی ڈھانچے سے متعلق مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے دستیاب وسائل بروئے کار لانے پر زور دیا اور کہا کہ طلبہ کو محفوظ تعلیمی ماحول فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے سرکاری اسکولوں میں طلبہ کے لیے مفت دوپہر کے کھانے کا پروگرام شروع کرنے اور تمام تعلیمی اداروں میں جلد از جلد اسمارٹ بورڈز نصب کرنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے وفاقی نظامت تعلیمات کو مؤثر ادارے میں تبدیل کرنے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اساتذہ کو دیگر غیر تدریسی ذمہ داریوں کے بجائے اپنی توجہ تعلیم اور تدریسی سرگرمیوں پر مرکوز رکھنے کا موقع دیا جائے۔

شہباز شریف نے اساتذہ کی بھرتیوں میں میرٹ کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.