تازہ ترین

حکومت کا زرعی اور چھوٹے کاروباروں کے قرضوں کی فراہمی تیز کرنے پر زور

0

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے چھوٹے کاروباروں اور زرعی شعبے کے لیے قرضوں کی منظوری کے بعد رقم کی فراہمی تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مالی سہولتوں کا فائدہ کاروباری افراد، کسانوں اور کم سہولت یافتہ طبقات تک پہنچنا چاہیے۔

وزیر خزانہ کی زیر صدارت رسائی برائے مالیات اسٹیئرنگ کمیٹی کے چھٹے اجلاس میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں، زراعت، برآمدات، ہاؤسنگ اور وزیراعظم کی مختلف اسکیموں میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مالی شمولیت، کاروباری مواقع، روزگار کے فروغ اور غربت میں کمی کے لیے قرضوں تک آسان رسائی کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ 23 اکتوبر 2026 تک چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے لیے واجب الادا فنانسنگ 1.148 ٹریلین روپے تک پہنچ گئی، جس میں چھوٹے کاروباروں کے لیے 538 ارب روپے شامل ہیں۔ حکام نے کاروباری افراد کی مالیاتی تیاری بہتر بنانے کے لیے مالی خواندگی، دستاویزات، اکاؤنٹنگ اور ڈیجیٹل سہولتوں کی فراہمی پر بھی گفتگو کی۔

زرعی شعبے میں واجب الادا قرضوں کا حجم 1.329 ٹریلین روپے جبکہ قرض لینے والوں کی تعداد تقریباً 35 لاکھ بتائی گئی۔ وزیراعظم کی زرعی قرضہ اسکیم زرخیز کے تحت 20 ہزار 176 درخواستوں کی منظوری دی گئی، جن کی مالیت 8.674 ارب روپے تھی۔ ان میں سے چھوٹے کسانوں کو تقریباً 2.34 ارب روپے کے 6 ہزار 132 بلا ضمانت قرضے جاری کیے گئے۔

اپنا گھر پروگرام کے تحت 86 ہزار 896 درخواستوں میں 511 ارب روپے کی فنانسنگ منظور کی گئی، جبکہ 15 ہزار 584 قرضوں کے ذریعے تقریباً 91 ارب روپے جاری کیے گئے۔ اجلاس میں گھروں کی تعمیر اور زیر تعمیر منصوبوں کے لیے مالی سہولتوں میں اضافے پر بھی غور کیا گیا۔

پاکستان ایکسلریٹڈ وہیکل الیکٹریفکیشن اسکیم کے تحت الیکٹرک دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں کے لیے تقریباً 3.06 ارب روپے کی 21 ہزار 918 درخواستیں منظور ہوئیں۔ ان میں سے 1.093 ارب روپے کے 5 ہزار 506 قرضے جاری کیے گئے، جبکہ 3 ہزار 263 الیکٹرک گاڑیاں صارفین کے حوالے کی گئیں۔

اجلاس میں ڈیجیٹل کریڈٹ اسکورنگ، برآمد کنندگان کے لیے قرضوں، ڈیٹا کے محفوظ تبادلے اور مالیاتی نظام میں قانونی و ضابطہ جاتی اصلاحات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ہاؤسنگ فنانسنگ میں ہونے والی پیش رفت کو سراہتے ہوئے متعلقہ اداروں اور مالیاتی اداروں پر زور دیا کہ چھوٹے کاروباروں اور زرعی شعبے میں قرضوں کی فراہمی کے لیے مزید تیزی سے کام کیا جائے تاکہ منظور شدہ رقوم مستحق افراد تک بروقت پہنچ سکیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.