دنیا کو ایک اور جنگ کا خطرہ، کم جونگ اُن کا فوج کو تیار رہنے کا حکم
پیانگ یانگ: شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے فوجی کمانڈروں کو جنگ کے لیے مکمل تیاری یقینی بنانے اور فوجی یونٹوں کی تربیت مزید سخت کرنے کی ہدایت کردی۔
کم جونگ اُن نے کوریائی عوامی فوج کے کمپنی کمانڈروں کے تیسرے اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فوجی یونٹوں کو ہر وقت جنگ کے لیے تیار رکھا جائے اور مسلسل تربیت کے ذریعے ان کی کارکردگی بہتر بنائی جائے۔
انہوں نے حکمراں ورکرز پارٹی سے وفاداری کے اظہار کے لیے فوجی یونٹوں کو غیر معمولی جنگی صلاحیت کا حامل بنانے پر بھی زور دیا۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب شمالی اور جنوبی کوریا کے درمیان کشیدگی برقرار ہے۔ گزشتہ ماہ دونوں ممالک کو الگ کرنے والے غیر فوجی علاقے میں دھماکے کے نتیجے میں جنوبی کوریا کے تین فوجی زخمی ہوگئے تھے۔ جنوبی کوریا نے اس واقعے کا الزام شمالی کوریا پر عائد کیا، تاہم پیانگ یانگ نے الزام مسترد کردیا۔
جنوبی کوریا کی جانب سے کشیدگی کم کرنے کے لیے فوجی رابطے بحال کرنے کی تجویز بھی دی گئی تھی، تاہم فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق شمالی کوریا نے اس پیشکش کا جواب نہیں دیا۔ دونوں ممالک نے 21 ستمبر کے واقعے سے متعلق اپنا مؤقف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو بھی بھجوایا ہے۔