تھرپارکر: ننگرپارکر کے علاقے ڈانو داندھل کے مقامی اسپتال میں کھڑی ایمبولینس میں آگ لگنے سے 8 افراد جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہوگئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایمبولینس میں نصب سلنڈر پھٹنے کے باعث آگ بھڑکی۔ ڈپٹی کمشنر تھرپارکر کے مطابق زخمیوں کو تحصیل اسپتال ننگرپارکر منتقل کیا گیا۔
واقعے کے بعد ایس ایس پی عارف عزیز ڈانو داندھل اسپتال پہنچے۔ ان کے مطابق شدید جھلسنے والے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد کراچی منتقل کردیا گیا، جبکہ جاں بحق افراد کی میتیں سول اسپتال مٹھی منتقل کی جارہی ہیں۔
حکام کے مطابق واقعے کی اصل وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ اس سلسلے میں میرپورخاص اور کراچی سے ماہرین کی ٹیمیں طلب کی گئی ہیں، جو جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد کا جائزہ لے کر حادثے کی وجہ کا تعین کریں گی۔