کوئٹہ سے لاہور اور اسلام آباد کے لیے ایئربلیو کی پروازوں کا آغاز
کوئٹہ: بلوچستان کے فضائی رابطوں میں بہتری کی جانب ایک اور پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایئربلیو کی لاہور اور اسلام آباد سے آنے والی پہلی پروازوں کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر طیاروں کو روایتی واٹر کینن سلامی دی گئی، کیک کاٹا گیا اور مسافروں کا خیرمقدم کیا گیا۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق لاہور سے ایئربلیو کی پرواز پی اے 503 سہ پہر 3 بج کر 25 منٹ پر کوئٹہ پہنچی، جبکہ اسلام آباد سے آنے والی پرواز پی اے 501 سہ پہر 3 بج کر 45 منٹ پر ایئرپورٹ پر اتری۔
استقبالیہ تقریب میں ایئرپورٹ منیجر نے چیف سیکیورٹی آفیسر اور ایئربلیو کے ڈائریکٹر آپریشنز کے ہمراہ شرکت کی۔ اس موقع پر نئی پروازوں کے آغاز کو کوئٹہ کے فضائی رابطوں میں بہتری کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔
نئے شیڈول کے تحت ایئربلیو کوئٹہ اور لاہور کے درمیان ہفتے میں تین پروازیں، جبکہ کوئٹہ اور اسلام آباد کے درمیان ہفتے میں دو پروازیں چلائے گی۔ ان پروازوں سے مسافروں کو سفر کے اضافی مواقع میسر آئیں گے اور صوبائی دارالحکومت سے ملک کے بڑے شہروں تک آمدورفت میں سہولت پیدا ہوگی۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے کہا ہے کہ وہ مسافروں کی سہولت بہتر بنانے، ہوائی اڈوں پر مؤثر آپریشنز یقینی بنانے اور فضائی رابطوں کو وسعت دینے کے لیے پُرعزم ہے۔