تازہ ترین

مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے، وزیراعلیٰ بلوچستان

0

کوئٹہ: یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق نکالا جانا چاہیے اور کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق ملنا چاہیے۔

اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 کشمیری عوام کے لیے یومِ سیاہ ہے، کیونکہ اس روز بھارتی افواج کشمیر میں داخل ہوئیں اور خطے پر بھارتی قبضے کا آغاز ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام، بالخصوص بلوچستان کے عوام اور صوبائی حکومت، اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے حقِ خودارادیت کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ پاکستان کشمیری عوام کو اپنا بھائی اور کشمیر کو اپنی شہ رگ سمجھتا ہے۔

میر سرفراز بگٹی نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، شہریوں کے قتل اور خواتین پر مظالم سے متعلق اطلاعات پر تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی افواج کی بھاری موجودگی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ کشمیری عوام آزادی اور حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں ان کی آزادی کی خواہش اور بنیادی حقوق کے حصول کے عزم کی عکاس ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور اپنی امنگوں کے مطابق حقِ خودارادیت حاصل ہوگا اور مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ممکن بنایا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.