تازہ ترین

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، شاہد رند

0

بلوچستان میں امن و استحکام کے خلاف سرگرم عناصر کی کارروائیاں ناکام بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے معاون وزیراعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے گوادر میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے اور سات دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کو سراہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ صوبے میں بدامنی پھیلا کر ترقی اور خوشحالی کا سفر روکنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔

اپنے بیان میں شاہد رند نے کہا کہ تعمیراتی کمپنی کے خالی کیمپ کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنانا سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔ دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنانے والے سکیورٹی اہلکار پوری قوم کا فخر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گرد بلوچستان میں بدامنی پھیلا کر صوبے کی تعمیر و ترقی کا راستہ نہیں روک سکیں گے۔ ترقی اور خوشحالی کے خلاف سازشیں کرنے والے عناصر کو ہر محاذ پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

معاون وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے ذریعے عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوششوں کو مسلسل ناکام بنایا جاتا رہے گا۔ سکیورٹی فورسز کا عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیتیں دہشت گردوں کے لیے واضح پیغام ہیں کہ بلوچستان میں امن و استحکام کے دشمن اپنے مقاصد حاصل نہیں کر سکیں گے۔

شاہد رند نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے قومی اتحاد ناگزیر ہے۔ بلوچستان کی ترقی، خوشحالی اور امن کے سفر کو سبوتاژ کرنے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.