تازہ ترین

اسد قیصر کی عبوری ضمانت منظور، پولیس کو گرفتاری سے روک دیا گیا

0

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو دو مقدمات میں عدالتی ریلیف مل گیا۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے ان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیے، جبکہ انسداد دہشت گردی عدالت نے سنگجانی احتجاج کیس میں 7 نومبر تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو انہیں گرفتار کرنے سے روک دیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ محمد اظہر ندیم نے اسد قیصر کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کیے۔ وہ اپنے وکیل عائشہ خالد کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے تھے۔ اس سے قبل عدالت میں عدم پیشی کے باعث ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے۔ پی ٹی آئی احتجاج سے متعلق مقدمے کا ٹرائل جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں زیر التوا ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے سنگجانی احتجاج کیس میں اسد قیصر کی عبوری ضمانت 7 نومبر تک منظور کرلی۔ عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے درخواست پر سماعت کی اور سرکار کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مقدمے کا ریکارڈ طلب کرلیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر عدالت میں پیش نہ ہونے کے باعث اسد قیصر کی ضمانت منسوخ کردی گئی تھی۔ تازہ سماعت کے دوران عدالت نے انہیں عبوری ریلیف فراہم کرتے ہوئے مزید کارروائی 7 نومبر تک ملتوی کردی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.