فیلڈ مارشل سید عاصم منیراور مالدیپ کے صدر کی ملاقات، دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق
پاکستان اور مالدیپ نے دفاعی تعاون کو مزید مستحکم بنانے، ادارہ جاتی روابط بڑھانے اور پیشہ ورانہ تبادلوں کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ اس حوالے سے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو کے درمیان اسلام آباد میں ملاقات ہوئی، جس میں علاقائی سیکیورٹی صورت حال اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق یہ ملاقات 21 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوئی۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون مضبوط بنانے اور اداروں کے درمیان روابط کو وسعت دینے کی اہمیت اجاگر کی گئی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان اور مالدیپ کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان تعمیری روابط اور باہمی تعاون کے ذریعے خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔
مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کی تعریف کی۔