اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تیاریاں حتمی مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں، جہاں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 20 دسمبر کو دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے تفصیلی شیڈول جاری کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پولنگ کے روز صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک بلاتعطل ووٹ ڈالے جا سکیں گے۔ الیکشن شیڈول سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں تقاریر اور تبادلوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
جاری کردہ شیڈول کے تحت بلدیاتی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی 2 نومبر سے 6 نومبر تک وصول کیے جائیں گے، جبکہ کاغذات کی جانچ پڑتال کا عمل 9 سے 13 نومبر تک جاری رہے گا۔ امیدوار ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف 14 سے 18 نومبر تک اپیلیں دائر کر سکیں گے، جن پر فیصلے 19 سے 23 نومبر تک کیے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق امیدوار 25 نومبر تک اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے، اور امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں 26 نومبر کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے۔ انتخابات کے حتمی نتائج مرتب کرنے کا عمل 21 دسمبر سے 24 دسمبر تک مکمل کیا جائے گا۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے ریٹرننگ افسران اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران بھی مقرر کر دیے ہیں۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر ظفر اقبال، ڈاکٹر محمود راشد، امداد علی گھمرو، عبدالہادی، فیروز خان، محمد اعجاز، عبدالحق، قیصر محمود، فیروز محمود، نثار احمد ہنجرا، سید حسن رضا زیدی اور محمد ثاقب کو اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح طارق محمود، منظور احمد، سید اظہر عباس، اویس احمد خان، محمد شہباز، علی جاوید، غلام مرتضیٰ چانڈیو، ڈاکٹر عمر دین، ڈاکٹر نوید کمال، سید ثقلین رضا، مظہر علی، محمد اسحاق، جمیل افضل، ظفر اقبال، ساجد اقبال، محمد سجاد، محمد فیاض، واصف الرحمان، طاہر عباس اور ظفیر الرحمان کو بھی اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے یہ انتخابات بلدیاتی قانون 2015 کے تحت کرانے کا حکم جاری کیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا کہنا تھا کہ لگتا ہے حکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات نہیں کرانا چاہتی، اس لیے کمیشن مجبور ہو کر بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم جاری کر رہا ہے۔