گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں صفائی کی صورتحال بہتر بنانے اور غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے کے لیے اقدامات تیز کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ دیرینہ مسائل کے حل کے لیے وقت درکار ہوگا۔
پشاور میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو صاف ستھرا بنانا حکومت کا عزم ہے، تاہم 13 سال کے دوران پیدا ہونے والی خرابیوں کو صرف تین دن میں دور کرنا ممکن نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پشاور سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ تجاوزات قائم کرنے والوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ خود یہ رکاوٹیں ختم کردیں، بصورت دیگر انتظامیہ کارروائی کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے میں کسی کی سفارش قبول نہیں کی جائے گی اور سب کے خلاف بلاامتیاز اقدامات ہوں گے۔
گورنر کے مطابق شہریوں کو بہتر اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے صفائی مہم شروع کردی گئی ہے۔ دوسری جانب صوبے میں گورنر راج کے نفاذ کے بعد صفائی ستھرائی اور عوامی سہولتوں کی بہتری کے لیے متعلقہ اداروں کو بھی متحرک کیا گیا ہے۔
صوبائی انتظامیہ کے مطابق پشاور کے مختلف علاقوں میں کوڑا کرکٹ اٹھانے اور اسے مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کا کام جاری ہے۔ بازاروں، تجارتی مراکز، اہم شاہراہوں اور عوامی مقامات کی صفائی کے لیے عملہ تعینات ہے، جبکہ صورتحال میں مزید بہتری کے لیے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے اور عوامی فلاح کے منصوبوں پر عمل درآمد کے لیے متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔