تازہ ترین

افواجِ پاکستان اور پولیس کی قربانیاں قابلِ احترام ہیں، شیر افضل مروت

0

پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے پارٹی کو درپیش اندرونی اختلافات پر قابو پانے اور سیاسی حکمت عملی میں احتیاط برتنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ناکام سیاسی اقدامات مذاکرات میں جماعت کی پوزیشن کمزور کرسکتے ہیں۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنی تاریخ کے اہم اور نازک مراحل میں سے ایک سے گزر رہی ہے۔ ان کے مطابق پارٹی کو اختلافات اور انتشار کا سبب بننے والے عناصر سے نمٹنے کے ساتھ سوشل میڈیا پر غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل کی حوصلہ شکنی بھی کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ وہ ماضی میں بھی پارٹی کو لانگ مارچ سے گریز کا مشورہ دے چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات کی ناکامی نہ صرف پارٹی کی سیاسی قوت کو متاثر کرسکتی ہے بلکہ مذاکرات کے دوران اس کی پوزیشن بھی کمزور ہوسکتی ہے۔

پارٹی کی قیادت سنبھالنے سے متعلق سوال پر شیر افضل مروت نے کہا کہ معاملے کو محض قیادت کی ذمہ داری قبول کرنے تک محدود نہیں کیا جاسکتا۔ ان کے مطابق پہلے گالم گلوچ، بدزبانی اور ذاتی حملوں میں ملوث افراد کے طرزِ عمل کا جائزہ لیا جانا چاہیے، جس کے بعد ہی مستقبل کے حوالے سے فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔

وزیراعلیٰ سے متعلق معاملے پر انہوں نے واضح کیا کہ وہ دوبارہ عدالت سے رجوع نہیں کریں گے، کیونکہ ان کا مقدمہ پہلے ہی زیرِ سماعت ہے اور وہ عدالتی فیصلے کے منتظر ہیں۔

شیر افضل مروت نے افواجِ پاکستان اور پولیس کی قربانیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان اداروں نے امن کے قیام اور برقرار رکھنے کے لیے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں، جن کا اعتراف اور احترام ضروری ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.