امریکی وزیر دفاع کا اسرائیل کا غیر اعلانیہ دورہ
اسرائیل میں پارلیمانی انتخابات سے چند روز قبل امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو سے غیر اعلانیہ ملاقات کی ہے، جبکہ ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائیوں کے حوالے سے بھی بات چیت کی اطلاعات ہیں۔
رپورٹس کے مطابق یہ ملاقات پیر 19 اکتوبر کو اسرائیل کے جنوبی علاقے میں واقع اوودہ ایئر بیس پر ہوئی۔ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی جب اسرائیل میں 27 اکتوبر کو پارلیمانی انتخابات ہونے والے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق امریکا اور اسرائیل کے درمیان ایران کے خلاف دوبارہ بڑے پیمانے پر فوجی کارروائیاں شروع کرنے کے امکانات پر بھی بات چیت جاری ہے، تاہم ملاقات کے ایجنڈے اور زیرِ بحث امور کی باضابطہ تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ انتخابات سے قبل نیتن یاہو کی حمایت کا اعلان کر چکے ہیں۔ دوسری جانب ایران کے ساتھ کشیدگی اور آبنائے ہرمز کی صورتحال بھی خطے میں سلامتی سے متعلق خدشات بڑھا رہی ہے۔
امریکی محکمہ دفاع نے ملاقات پر تبصرہ نہیں کیا، جبکہ نیتن یاہو کے دفتر کی جانب سے بھی فوری طور پر کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔