تازہ ترین

سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں امن و استحکام کی ضمانت ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان

0

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قلات اور گوادر میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران چار افراد کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن کے قیام کے لیے فورسز کی قربانیاں اور کامیابیاں قابلِ تحسین ہیں۔

وزیراعلیٰ نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور صلاحیتوں کا ثبوت ہیں۔ ان کے مطابق صوبے سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی اہلکاروں کی کوششیں اہمیت رکھتی ہیں۔

میر سرفراز بگٹی نے پسنی میں دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد (آئی ای ڈی) کے دھماکے میں شہید ہونے والے میجر وجاہت وحید کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ میجر وجاہت وحید نے وطن کے دفاع میں اپنی جان قربان کی، قوم کو اپنے بہادر سپوت پر فخر ہے اور شہداء کی قربانیاں پاکستان کے امن، استحکام اور سلامتی کی ضمانت ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ ان کے مطابق عزمِ استحکام کے تحت غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ بلوچستان میں امن و امان برقرار رکھنے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.