بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کی انٹیلیجنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ خضدار میں کارروائی کے دوران 490 کلوگرام دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے کوئٹہ، نوشکی اور خضدار کے اضلاع میں انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر آپریشنز کیے۔ ان کارروائیوں میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم تنظیم فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 8 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 17 اکتوبر کو پنج پائی کے علاقے میں دہشت گردوں نے سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان کی کوشش ناکام بنا دی۔ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا ٹھکانہ بھی تباہ کردیا۔ کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں مزید 2 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ وہاں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خضدار میں ایک اور کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔ اس آپریشن میں 490 کلوگرام دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے امکان کے پیش نظر کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔