تازہ ترین

فرانس میں پرتشدد مظاہرے، 400 افراد گرفتار، 5 لاکھ سے زائد افراد کی شرکت

0

فرانس میں مہنگائی اور اخراجاتِ زندگی میں اضافے کے خلاف جاری احتجاج کے دوران شہر لیموژ کے تاریخی ٹاؤن ہال میں آگ لگنے سے عمارت کا بڑا حصہ تباہ ہوگیا۔ صدر ایمانوئل میکرون نے واقعے سمیت تشدد کے دیگر واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوریہ میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں۔

رپورٹس کے مطابق فرانس میں مہنگائی کے خلاف احتجاج چوتھے ہفتے میں داخل ہو چکا ہے۔ ہفتے کے روز لیموژ کے ٹاؤن ہال میں آگ لگنے کے بعد عمارت کی چھت نچلی منزلوں پر آگری، جبکہ بیرونی حصے کا تقریباً دو تہائی حصہ تباہ ہوگیا۔

مقامی حکام کے مطابق 1883ء میں تعمیر ہونے والی اس عمارت کو 1975ء میں تاریخی ورثہ قرار دیا گیا تھا۔ مقامی پریفیکٹ موریس باراٹ نے واقعے کو شرپسندوں کی دانستہ کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے تاریخی ورثے کو بڑا نقصان پہنچا ہے۔

فرانس کے وزیر داخلہ لوراں نونیز کے مطابق ہفتے کے روز ملک بھر میں ہونے والے مظاہروں کے دوران تقریباً 400 افراد کو گرفتار کیا گیا، جبکہ مختلف علاقوں میں 100 سے زائد ریلیاں نکالی گئیں جن میں پانچ لاکھ سے زیادہ افراد نے شرکت کی۔

حکام کے مطابق پیرس سمیت مختلف شہروں میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ بعض مقامات پر نقاب پوش افراد نے سرکاری عمارتوں اور پولیس اسٹیشنوں میں داخل ہونے کی کوشش کی، جس کے بعد پولیس نے ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس اور واٹر کینن استعمال کیے۔

صدر ایمانوئل میکرون نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ سرکاری عمارتوں اور کاروباری مراکز پر حملے کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ انتشار پھیلانے والوں کے خلاف متحد ہو کر کھڑا ہونا ہوگا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.