تازہ ترین

پاکستان کا پہلا خلا باز 25 نومبر کو مشن پر روانہ ہوگا، احسن اقبال

0

پاکستان کے خلائی پروگرام میں اہم پیش رفت کی تیاری جاری ہے، جہاں ملک کا پہلا خلا باز 25 نومبر کو چین کے خلائی مرکز سے مشن پر روانہ ہوگا، جبکہ 2035 تک چاند پر لینڈنگ کا ہدف بھی مقرر کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے یہ اعلان نارووال میں عالمی ہفتۂ خلا 2026 کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
احسن اقبال نے بتایا کہ سپارکو کے تعاون سے پہلی مرتبہ نارووال میں عالمی ہفتۂ خلا کی سرگرمیاں منعقد کی گئیں، جن کا مقصد نوجوانوں میں خلائی علوم، سائنسی تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہے۔
وفاقی وزیر کے مطابق چین کے تعاون سے پاکستان خلائی تحقیق کے شعبے میں ترقی کی نئی منزلیں حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خلائی ٹیکنالوجی زراعت، مواصلات، موسمیاتی تبدیلیوں، تعلیم اور قومی سلامتی سمیت متعدد شعبوں میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ خلائی تحقیق سائنسی ترقی اور انسانی علم میں اضافے کے لیے ضروری ہے۔ قرآن مجید بھی انسان کو کائنات کی تخلیق پر غور و فکر کی دعوت دیتا ہے، اس لیے نوجوانوں میں تحقیق، سائنسی جستجو اور علم حاصل کرنے کا شوق پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلمان سائنس دان ماضی میں فلکیات اور سائنسی تحقیق کے میدان میں نمایاں مقام رکھتے تھے۔ پاکستان کو بھی علم و تحقیق کے شعبے میں اپنی حیثیت مستحکم کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کرنا ہوں گی۔
وفاقی وزیر نے اسلام آباد سائنس فیسٹیول میں یونیورسٹی آف نارووال کی پہلی پوزیشن کو نوجوانوں کی صلاحیتوں کا ثبوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی نوجوان تعلیم اور تحقیق کے ذریعے کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق ماضی میں مالی مشکلات کے باعث اعلیٰ تعلیم سے محروم رہنے والے طلبہ بھی آج مختلف شعبوں میں نمایاں مقام بنا رہے ہیں۔
احسن اقبال نے اعلان کیا کہ نوجوانوں میں خلائی علوم سے دلچسپی بڑھانے کے لیے یونیورسٹی آف نارووال میں پاکستان کا پہلا اسپیس میوزیم قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جدید ٹیکنالوجی اور نئے سائنسی شعبوں میں نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کر رہی ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتیں بروئے کار لا کر ملک کی ترقی میں کردار ادا کر سکیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.