سرفراز بگٹی کی قیادت میں بلوچستان کی ترقی کے لیے اقدامات جاری، بابر یوسفزئی
کوئٹہ: بلوچستان میں امن و استحکام کے قیام اور عوامی مسائل کے حل کو صوبائی حکومت کی بنیادی ترجیحات قرار دیتے ہوئے معاون برائے محکمہ داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے کہا ہے کہ صوبے کو پُرامن، مستحکم اور ترقی یافتہ بنانے کے لیے مختلف شعبوں میں اقدامات کیے جارہے ہیں۔
اپنے بیان میں بابر یوسفزئی نے کہا کہ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں حکومت امن و امان کی بہتری، ترقیاتی سرگرمیوں کے فروغ اور عوامی فلاح کے لیے کوشاں ہے۔ ان کے مطابق عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور روزمرہ مسائل کا حل حکومتی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پائیدار امن کے قیام کے لیے سکیورٹی فورسز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے اہم کردار ادا کررہے ہیں اور عوام کے تحفظ کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔ بابر یوسفزئی نے شہدا اور غازیوں کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
معاون برائے محکمہ داخلہ بلوچستان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کی توجہ صرف ترقیاتی منصوبوں تک محدود نہیں بلکہ تعلیم، صحت، روزگار اور نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے پر بھی مرکوز ہے۔ حکومت پسماندہ علاقوں کو ترقی کے قومی دھارے میں شامل کرنے اور ترقی کے ثمرات معاشرے کے تمام طبقات تک پہنچانے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔
بابر یوسفزئی نے مزید کہا کہ سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانا، عوامی شکایات کا ازالہ کرنا اور شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا بھی اہم اہداف ہیں۔ ان کے مطابق بلوچستان کے دیرینہ مسائل کے پائیدار حل کے لیے مؤثر حکمتِ عملی، اداروں کے درمیان تعاون اور عوامی اعتماد کو مضبوط بنانا ضروری ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ امن، اتحاد، برداشت اور ترقی کے مشترکہ ایجنڈے کے ذریعے بلوچستان کو بہتر مستقبل کی جانب لے جانے کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔