او آئی سی کی سعودی عرب پر حوثی حملوں کی مذمت
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے سعودی عرب کے جنوبی علاقوں پر حوثیوں کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے مملکت کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی استحکام کے لیے اپنی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہٰ نے اپنے بیان میں کہا کہ سعودی عرب کے جنوبی علاقوں کو نشانہ بنانا مملکت کی سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔ انہوں نے حوثیوں کی جانب سے ایسے اقدامات کے تسلسل کو خطرناک اور ناقابل قبول اشتعال انگیزی قرار دیا۔
سیکریٹری جنرل نے خبردار کیا کہ اس نوعیت کی کارروائیاں یمن میں جنگ بندی برقرار رکھنے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے جاری علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔ او آئی سی نے سعودی عرب کی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے اپنی حمایت برقرار رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔