تازہ ترین

کراچی میں سی ٹی ڈی اور حساس ادارے کی کارروائیاں، کالعدم تنظیموں کے 4 ملزمان گرفتار

0

کراچی میں سکیورٹی اداروں نے دو الگ کارروائیوں کے دوران کالعدم تنظیموں سے تعلق کے الزام میں چار افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ حکام کے مطابق گرفتار ملزمان مبینہ طور پر شہر کے حساس مقامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

سی ٹی ڈی کراچی اور وفاقی سول حساس ادارے کو اطلاع موصول ہوئی تھی کہ کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) سے تعلق رکھنے والے تین مبینہ تربیت یافتہ افراد اپنے کمانڈر کی ہدایت پر کراچی میں موجود ہیں۔ مشترکہ ٹیم نے ابوالحسن اصفہانی روڈ، بلاک 4 کے قریب واقع ایک عوامی پارک میں کارروائی کرتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کر لیا۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان اپنے تنظیمی کمانڈر سے رابطے میں تھے اور دستی بموں کے ذریعے شہر کے حساس مقامات اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے ایک دفتر کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ حکام کا دعویٰ ہے کہ گرفتار افراد بلوچستان میں ٹارگٹ کلنگ اور فرنٹیئر کور اور کسٹمز کی موبائل گاڑیوں پر حملوں میں بھی ملوث رہے ہیں۔

گرفتار افراد کی شناخت غلام یاسین ولد رئیس وزیر، آفتاب احمد ولد غلام مصطفیٰ اور شعیب ولد عبدالحئی کے نام سے بتائی گئی ہے۔ کارروائی کے دوران تین دستی بم اور 30 بور پستول بمع میگزین برآمد کرنے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔

دوسری کارروائی کورنگی کازوے ندی کے قریب کی گئی، جہاں حکام کے مطابق کالعدم سندھ ریولوشنری آرمی (ایس آر اے) سے وابستہ آصف علی عرف آصف سندھی ولد عاشق علی چاچڑ کو گرفتار کیا گیا۔ اس کے قبضے سے ایک دستی بم برآمد ہونے کا بتایا گیا ہے۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے ایک غیر ملکی شہری، پولیس کے ڈی ایس پی، ریلوے ٹریک اور ایک اہم سیاسی شخصیت کے گھر کی مبینہ ریکی کرنے کا اعتراف کیا۔ حکام کے مطابق ملزم کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دفاتر کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی بھی کر رہا تھا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.