تازہ ترین

محمد اورنگزیب کی سعودی فنڈ اور آئی ایف سی حکام سے ملاقاتیں، سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال

0

پاکستان میں سرمایہ کاری، ترقیاتی منصوبوں اور نجی شعبے کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے سعودی فنڈ برائے ترقی اور انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے سعودی فنڈ برائے ترقی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سے ملاقات میں پاکستان کے لیے سعودی عرب کی دیرینہ معاونت پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے سعودی عرب میں حالیہ واقعات کے دوران قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت بھی کی۔

ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری اور پاکستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کی معاشی صورتحال بہتر ہو رہی ہے اور ملک نے بین الاقوامی سرمایہ منڈیوں تک دوبارہ رسائی حاصل کر لی ہے۔

فریقین نے نجی شعبے کی شمولیت مضبوط بنانے، دوطرفہ سرمایہ کاری کے تحفظ کے معاہدے پر پیش رفت اور آئل ریفائنریوں کی بہتری کے امکانات کا جائزہ لیا۔ پاکستان میں سعودی فنڈ کے تعاون سے جاری منصوبوں پر پیش رفت کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے نئے منصوبوں کی جامع فہرست تیار کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔ سعودی فنڈ نے اپنے دائرۂ کار میں پاکستان کی معاونت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیر خزانہ نے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے مشرقِ وسطیٰ اور وسطی ایشیا کے علاقائی نائب صدر عماد فخوری سے بھی ملاقات کی، جس میں نجی شعبے کی قیادت میں معاشی ترقی، روزگار کے مواقع اور معاشی استحکام کو پائیدار ترقی میں تبدیل کرنے کے لیے تعاون بڑھانے پر گفتگو ہوئی۔

ملاقات میں آئی ایف سی کے منصوبوں، چھوٹے کاروباروں کے لیے مالی معاونت، کاروباری سرگرمیوں، سرمایہ منڈیوں اور گرین و ڈیجیٹل بانڈز کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر خزانہ نے ریکوڈک منصوبے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور اس کی مالی معاونت میں آئی ایف سی کے قائدانہ کردار کو سراہا۔ معدنی وسائل سے متعلق بنیادی ڈھانچے اور مقامی سطح پر ان کی قدر میں اضافے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

فریقین نے سستے مکانات کی فراہمی اور ڈویلپرز کے لیے مالی معاونت کے امکانات کا جائزہ لیا۔ زرعی شعبے میں بہتر ذخیرہ کاری، کولڈ چینز اور الیکٹرانک گودام رسیدوں کی بنیاد پر مالی سہولتوں کے علاوہ لائیو اسٹاک میں نجی شعبے کی شمولیت بڑھانے پر بھی گفتگو ہوئی۔

ملاقات میں ضابطہ جاتی معیار بہتر بنا کر سرمایہ کاری اور ادویات کی برآمدات کو فروغ دینے، پانی کے شعبے میں سرکاری و نجی شراکت داری، بجلی کی جدید میٹرنگ اور صوبائی منصوبوں کے لیے مالی معاونت کے مختلف طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.