صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں بلکہ علاقائی امن و استحکام کو مضبوط بنانے کے لیے ہے، جبکہ اس کے تحت کسی نئے بلاک کی تشکیل نہیں کی جا رہی۔
ایوان صدر میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے پہلے سیکریٹری جنرل لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نعمان محمود نے صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔ وہ ریاض میں قائم کیے گئے سہ فریقی اتحاد کے جنرل سیکریٹریٹ کی سربراہی کریں گے۔
ملاقات کے دوران صدر مملکت نے کہا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قانون کے اصولوں کے تحت دفاعی تعاون کو فروغ دے گا اور علاقائی امن و استحکام میں مددگار ثابت ہوگا۔
صدر زرداری نے واضح کیا کہ معاہدہ خالصتاً دفاعی نوعیت کا ہے اور اسے کسی ملک کے خلاف اقدام نہیں سمجھا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تنازعات کے پرامن حل کے لیے پرعزم ہے اور ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے علاقائی اور کثیرالجہتی تعاون کو فروغ دینا ضروری ہے۔
ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن رضا نقوی بھی موجود تھے۔