قومی اسمبلی میں گرفتار اپوزیشن ارکان کی شرکت کا معاملہ اٹھاتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیف وہپ عامر ڈوگر نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو خط ارسال کرکے 9 گرفتار ارکان کے پروڈکشن آرڈرز جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
عامر ڈوگر نے خط میں مؤقف اختیار کیا کہ گرفتار ارکان کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کا موقع دیا جائے اور کسی بھی حلقے کو ایوان میں نمائندگی سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔
خط میں قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے رول 108 کے تحت پروڈکشن آرڈرز جاری کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ اپوزیشن کا مطالبہ ہے کہ اسپیکر تمام گرفتار ارکان کی اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کے لیے ضروری احکامات جاری کریں۔
عامر ڈوگر کے مطابق گرفتار ارکان میں حاجی امتیاز احمد چوہدری، جمال احسن خان، میاں غوث محمد، ثنا اللہ خان مستی خیل، داوڑ خان کنڈی، جنید اکبر، امجد علی خان، فضل محمد خان اور عادل خان بازی شامل ہیں۔
چیف وہپ نے مطالبہ کیا کہ ان تمام ارکان کے پروڈکشن آرڈرز جاری کیے جائیں تاکہ وہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کر سکیں۔