پاکستان نے دفاعی ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایک اور پیش رفت کرتے ہوئے فتح 2 میزائل کے توسیع شدہ رینج والے ورژن کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق یہ تجربہ مقامی سطح پر جدید دفاعی نظاموں کی تیاری کی کوششوں کا حصہ ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فتح 2 ای آر جدید نیویگیشن ٹیکنالوجی اور جدید ایویونکس سے لیس ہے۔ اس نظام کو زیادہ فاصلے پر موجود اہداف کو درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کے لیے تیار کیا گیا ہے، جبکہ اس کی مخصوص پرواز کی راہ اور سمت تبدیل کرنے کی صلاحیت مخالف میزائل دفاعی نظاموں کے لیے اسے روکنا مشکل بنا سکتی ہے۔
تجربے کا مشاہدہ آرمی راکٹ فورس کمانڈ کے کمانڈر، پاک فوج کے سینئر افسران اور میزائل پروگرام سے وابستہ سائنس دانوں اور انجینئرز نے کیا۔ کمانڈر نے ٹیم کی محنت، تکنیکی مہارت اور جدید ہتھیاروں کی تیاری میں کردار کو سراہا۔
اس موقع پر صدر مملکت، وزیراعظم، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور مسلح افواج کے سربراہان نے کامیاب تجربے پر سائنس دانوں اور انجینئرز کو مبارک باد دی۔