وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے صوابی میں بڑے عوامی اجتماع کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہاں پیش کیے جانے والے منصوبے سے مخالفین حیران رہ جائیں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس بار لوگوں کی اتنی بڑی تعداد جمع ہوگی کہ کسی کو گولی چلانے کی ہمت نہیں ہوگی۔
مردان کے منگا بازار میں لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ آج مردان میں ہر جگہ دفعہ 804 نافذ ہے اور وہ عوام کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے ملک بھر کے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے پارلیمنٹیرینز کی قیادت میں اگلے روز صوابی پہنچیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہاں شرکا کا استقبال کیا جائے گا اور ان کی دیکھ بھال بھی کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ عمران خان سے محبت کرنے والے ہر حال میں صوابی پہنچیں گے۔ گاڑی میسر نہ ہوئی تو موٹر سائیکل، سائیکل یا پیدل سفر کرکے بھی اجتماع میں شرکت کی جائے گی۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ اس مرتبہ عوام کی بڑی تعداد جمع ہوگی اور وہ مبینہ ظالمانہ ہتھکنڈوں سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ بزدلوں سے ایک ہزار بہادر بہتر ہوتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوابی میں ان کا منصوبہ سن کر مخالفین کے ہوش اڑ جائیں گے اور پرامن احتجاج آگے بڑھایا جائے گا۔ ان کے مطابق شرکا کو پرامن رہنا ہے اور کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے گورنر راج اور ایمرجنسی کو غیرقانونی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اسے قبول نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ گرفتاریاں ان کے حوصلے پست نہیں کرسکتیں اور احتجاج پشاور سے ڈی چوک تک جاری رہے گا۔