تازہ ترین

پاک بھارت کشیدگی کے باوجود اسلام آباد میں خوشگوار ملاقات، بھارتی ایس سی او کوآرڈینیٹر کا اسحاق ڈار سے مصافحہ

0

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ سخت بیانات کے باوجود اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے دوران دونوں ممالک کے نمائندوں کے درمیان خوشگوار انداز میں ملاقات ہوئی، جہاں بھارتی ایس سی او نیشنل کوآرڈینیٹر الوک دمری نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے مصافحہ کیا۔

بھارتی وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری اور ایس سی او کے نیشنل کوآرڈینیٹر الوک دمری پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے ایس سی او کونسل آف نیشنل کوآرڈینیٹرز کے پہلے اجلاس میں شریک تھے۔

اسلام آباد میں تین روزہ اجلاس کے اختتام پر ایس سی او کے قومی کوآرڈینیٹرز نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔ اس موقع پر الوک دمری نے اسحاق ڈار سے مصافحہ کیا، جبکہ بعد ازاں انہیں اسحاق ڈار اور پاکستان کے ایس سی او نیشنل کوآرڈینیٹر ڈاکٹر محمد فیصل کے درمیان کھڑے دیکھا گیا۔

یہ ملاقات اس لحاظ سے اہم قرار دی جارہی ہے کہ حال ہی میں نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران پاکستان اور بھارت کے درمیان سخت بیانات کا تبادلہ ہوا تھا۔

بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے وزیراعظم شہباز شریف کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے پاکستان پر دہشتگردی سے متعلق الزامات عائد کیے تھے، جبکہ پاکستان نے بھارتی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کشمیر کے معاملے اور 2025 کی پاک بھارت فوجی کشیدگی پر اپنا مؤقف پیش کیا تھا۔

اس کے برعکس اسلام آباد میں ہونے والے ایس سی او اجلاس کے دوران دونوں ممالک کے نمائندوں کے درمیان ماحول نسبتاً خوشگوار نظر آیا۔

الوَک دمری نے پاکستان ٹیلی ویژن سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے اپنے پہلے دورے کو مثبت قرار دیا اور کہا کہ وہ اسلام آباد آکر خوش ہیں۔ انہوں نے لاہور، فیصل آباد اور سیالکوٹ جانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

بھارتی نمائندے نے بتایا کہ لاہور کو ایس سی او کا ثقافتی شہر قرار دیا گیا ہے اور پاکستان کی سال بھر کی صدارت کے دوران بھارتی وفد کے ثقافتی سرگرمیوں میں شرکت کے مواقع موجود ہوں گے۔

الوَک دمری نے ایس سی او کے وسیع تر ایجنڈے پر بھی مثبت گفتگو کرتے ہوئے علاقائی رابطوں، تجارت، ٹرانزٹ اور خطے کی مشترکہ خوشحالی کی اہمیت اجاگر کی۔

پاکستان نے یکم ستمبر سے 2026-27 کے لیے ایس سی او کی گردشی صدارت سنبھالی ہے اور اپنی صدارت کے لیے ’’وژن کو عملی اقدام میں تبدیل کرنا: رابطہ کاری، جدت اور مشترکہ خوشحالی‘‘ کو مرکزی موضوع قرار دیا ہے۔

اسلام آباد اجلاس میں پاکستان کی صدارت کے دوران ہونے والی سرگرمیوں کے پروگرام کا جائزہ لیا گیا اور ایس سی او کے آئندہ اجلاسوں اور تقریبات کی تیاریوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفود نے پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس اور نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں 20 نومبر سے 2 دسمبر تک ہونے والے ایس سی او ہاکی ٹورنامنٹ کی تیاریوں سے آگاہ کیا گیا۔

پاکستان اگست 2027 میں ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کے سربراہی اجلاس کی میزبانی بھی کرے گا، جس کے باعث بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی ممکنہ شرکت کا معاملہ آئندہ اہمیت اختیار کرسکتا ہے۔

بھارت نے ابھی تک یہ اعلان نہیں کیا کہ وزیراعظم مودی اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کریں گے یا نہیں۔ بھارتی حکومت کے مطابق ان کی شرکت اور نمائندگی کی سطح سے متعلق فیصلہ مناسب وقت پر کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں بھارتی سینئر ایس سی او عہدیدار کی شرکت اور اسحاق ڈار کے ساتھ خوشگوار ملاقات اس امر کی عکاسی کرتی ہے کہ دوطرفہ کشیدگی کے باوجود پاکستان اور بھارت کثیرالجہتی فورمز پر رابطے جاری رکھے ہوئے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.