تازہ ترین

پاکستانی فٹبالرز مریم محمود اور لیلیٰ بنارس ایشین فٹبال ایوارڈز کی فاتح

0

پاکستانی فٹبال کے لیے ایک اور اہم اعزاز سامنے آیا ہے، مریم محمود اور لیلیٰ بنارس نے لندن میں ہونے والی ایشین فٹبال ایوارڈز کی تقریب میں خواتین کے دو بڑے ایوارڈز اپنے نام کرلیے۔

مریم محمود کو ویمنز پلیئر آف دی ایئر جبکہ لیلیٰ بنارس کو ویمنز ینگ پلیئر آف دی ایئر کا اعزاز دیا گیا۔ ایوارڈز کی چھٹی تقریب میں برطانیہ میں فٹبال کے شعبے میں برٹش ساؤتھ ایشین کمیونٹی کے لیے نمایاں خدمات انجام دینے والے کھلاڑیوں، افراد اور اداروں کو اعزازات سے نوازا گیا۔

فارورڈ مریم محمود انگلش کلب ریکسہم کی نمائندگی کرتی ہیں۔ انہوں نے گزشتہ سال انڈونیشیا میں ہونے والے اے ایف سی ویمنز ایشین کپ کوالیفائرز کے دوران پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی ڈیبیو کیا تھا۔

مریم محمود پاکستان کی قومی ٹیم میں شامل برطانوی نژاد کھلاڑیوں میں شامل ہیں اور خواتین فٹبال میں پاکستان کی نمائندگی کر رہی ہیں۔

لیلیٰ بنارس مڈفیلڈر کی حیثیت سے لیوس کلب کے لیے کھیلتی ہیں۔ وہ 2006 میں برمنگھم میں پیدا ہوئی تھیں جبکہ ان کے والد پاکستانی ہیں۔

دوسری جانب پاکستانی نژاد زیدان اقبال نے میزنز پلیئر آف دی ایئر کا ایوارڈ حاصل کیا۔ زیدان اقبال نے 2021 میں مانچسٹر یونائیٹڈ کی جانب سے ینگ بوائز کے خلاف چیمپئنز لیگ کے میچ میں متبادل کھلاڑی کے طور پر میدان میں اتر کر تاریخ رقم کی تھی۔

زیدان اقبال اس وقت ڈنڈی یونائیٹڈ کی نمائندگی کر رہے ہیں اور 2026 ورلڈ کپ میں عراق کی قومی ٹیم کی جانب سے بھی کھیل چکے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.