تازہ ترین

بلوچستان کے سرکاری اسکولوں میں طلبہ کو تعلیمی سامان فراہم

0

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق صوبائی سیکرٹری اسکولز لعل جان جعفر کی زیر نگرانی بلوچستان اسٹوڈنٹ لرننگ امپروومنٹ پروگرام کے تحت ٹیکنیکل ماڈل ہائی اسکول کوئٹہ میں طلبہ کو مختلف نوعیت کا تعلیمی سامان فراہم کیا گیا۔

پروگرام کے تحت ضلع کوئٹہ کے طلبہ میں اسکول بیگز، ایم ایچ ایم کٹس، کلر پنسل سیٹس، اسٹوری بکس، ڈی آر آر کٹس اور فلیش کارڈ سیٹس تقسیم کیے گئے۔

اس موقع پر سیکرٹری اسکولز لعل جان جعفر نے کہا کہ صوبائی حکومت معیاری تعلیم کے فروغ، طلبہ کو ضروری تعلیمی وسائل کی فراہمی اور اسکولوں میں سازگار تعلیمی ماحول کے قیام کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے بچوں کو معیاری تعلیمی سہولیات اور ضروری سامان کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

سیکرٹری اسکولز نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تعلیمی سامان کی شفاف، منصفانہ اور بروقت تقسیم یقینی بنائی جائے اور طلبہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

دریں اثنا، بلوچستان کے سرکاری اسکولوں میں بچوں کی صحت کے تحفظ، طبی مسائل کی بروقت نشاندہی اور صحت مند تعلیمی ماحول کے فروغ کے لیے ہیلتھ اسکریننگ کا عمل بھی جاری ہے۔

لعل جان جعفر نے کہا کہ بچوں کی صحت اور تعلیم باہم منسلک ہیں اور صحت مند بچے ہی بہتر انداز میں تعلیمی سرگرمیوں میں حصہ لے سکتے ہیں۔ اسکولوں میں ہیلتھ اسکریننگ سے بچوں کے صحت سے متعلق مسائل کی بروقت نشاندہی اور مناسب طبی رہنمائی میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان بچوں کو صحت مند، محفوظ اور بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے صحت اور تعلیم کے شعبوں میں مربوط اقدامات جاری رکھے گی۔

یہ اقدام یونیسف اور حکومت ناروے کے تعاون سے بچوں کو صحت مند آغاز اور بہتر مستقبل فراہم کرنے کے عزم کا حصہ ہے، جبکہ ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن اسکولز بلوچستان کے تحت ہیلتھ اسکریننگ سرگرمیاں جاری ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.