تازہ ترین

پی ٹی آئی کا لانگ مارچ اٹل، بیرسٹر گوہر کی ایاز صادق سے ملاقات میں اہم معاملات پر بات ہوگی

0

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے درمیان آج ملاقات طے پائی ہے، جس میں ملکی سیاسی صورتحال، پارلیمانی امور اور پی ٹی آئی کے مجوزہ لانگ مارچ سے متعلق معاملات پر گفتگو متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران بیرسٹر گوہر پی ٹی آئی کے گرفتار ارکانِ پارلیمنٹ اور مزید گرفتاریوں سے متعلق پارٹی ارکان کے تحفظات اسپیکر کے سامنے رکھیں گے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان گزشتہ روز ٹیلی فون پر بھی رابطہ ہوا تھا۔
تاہم بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اسپیکر سے ٹیلی فون پر رابطہ ہوچکا ہے، جبکہ گزشتہ روز ایاز صادق دستیاب نہیں تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج وہ خود مصروف ہیں۔
گورنر راج یا ایمرجنسی کے حوالے سے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ایمرجنسی نہیں لگنی چاہیے اور نہ ہی ایسی کوئی صورتحال ہے۔ ان کے مطابق لانگ مارچ پی ٹی آئی کا سیاسی اور اٹل فیصلہ ہے اور یہ پرامن ہوگا، کسی پر چڑھائی نہیں کی جا رہی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سے متعلق سوال پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سہیل آفریدی ہی وزیراعلیٰ رہیں گے اور ارکانِ اسمبلی وزیراعلیٰ کے لیے اپنی ’’سی ویز‘‘ جیبوں میں رکھیں۔
شوکت یوسفزئی کی جانب سے لانگ مارچ سے متعلق خط پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ انہیں واٹس ایپ پر خط موصول ہوا ہے اور یہ ان دونوں کے درمیان معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر شخص اپنی رائے دے سکتا ہے اور پارٹی شوکت یوسفزئی کی رائے کی قدر کرتی ہے۔ ان کے مطابق نہ پارٹی کو شوکت یوسفزئی سے ناراضی ہے اور نہ ہی وہ پارٹی سے ناراض ہیں، جبکہ وہ اب بھی پی ٹی آئی کے صوبائی سیکریٹری اطلاعات ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک جمہوری جماعت ہے اور پارٹی میں اس نوعیت کے خطوط آتے رہتے ہیں۔ ان کے بقول انہیں اس ہفتے تقریباً 180 خطوط موصول ہوئے ہیں اور ہر خط کا جواب دینا ممکن نہیں۔
وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی ملاقات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ آئینی معاملہ ہے اور دونوں کی ملاقات ضرور ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ رانا ثناء اللہ نے بھی ان سے اس معاملے پر بات کی ہے، تاہم ملاقات میں ان کی موجودگی محمود اچکزئی کے فیصلے پر منحصر ہوگی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.