بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے مبینہ ٹھکانے تباہ کردیئے گئے، جبکہ کچھی میں 6 دہشت گردوں کی ہلاکت اور شمالی وزیرستان میں متعدد دہشت گردوں کے مارے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے سنی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس کے دوران 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فتنۃ الہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں کو کواڈ کاپٹرز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔
کارروائی کے بعد ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرنے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔ علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کی تلاش اور خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں بھی سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کی۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران خوارج کے متعدد مبینہ ٹھکانوں اور زیرِ زمین سرنگوں کو تباہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں بارودی مواد برآمد ہوا، جبکہ سرچ آپریشن کے دوران ملنے والے دھماکہ خیز مواد کو بم ڈسپوزل اسکواڈ کی مدد سے ناکارہ بنا دیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان میں کارروائی کے دوران متعدد دہشت گردوں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات بھی ہیں، تاہم ہلاکتوں کی حتمی تعداد کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔
سکیورٹی فورسز کے مطابق دہشت گردی کے خاتمے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔