تازہ ترین

حکومت 9 مئی کے بعد گرفتار سیاسی قیدی رہا کرکے حالات معمول پر لائے، حافظ نعیم

0

کراچی: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ 9 مئی کے بعد گرفتار کیے گئے سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرکے ملک میں جاری سیاسی کشمکش کو ختم اور حالات کو معمول پر لایا جائے۔

ادارہ نور حق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ خواتین سیاسی قیدیوں کی گرفتاریاں کسی صورت قابل قبول نہیں، حکومت انہیں فوری رہا کرے۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے بعد سے قید سیاسی رہنماؤں کو بھی مزید حراست میں رکھنے کا کوئی جواز نہیں، جبکہ ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری، شاہ محمود قریشی اور محمود الرشید کو بھی رہا کیا جانا چاہیے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ بعض سیاسی قیدیوں کی صحت بھی خراب ہے، اس لیے حکومت اس معاملے کو فوری طور پر حل کرے۔ ان کے مطابق سیاسی کشمکش کے باعث عوام کے حقیقی مسائل سے توجہ ہٹ رہی ہے اور قوم کو ایسی سیاست میں الجھایا جا رہا ہے جس کا عوام کو کوئی فائدہ نہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی کا مطالبہ صرف کسی ایک سیاسی جماعت کے کارکنوں یا رہنماؤں تک محدود نہیں بلکہ وہ تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے اپنے تین مطالبات ہیں، جبکہ جماعت اسلامی کا مؤقف تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جماعت اسلامی کا لانگ مارچ مؤخر کیا گیا ہے، ختم نہیں کیا گیا۔ حکومت سے بات چیت کے باوجود جماعت اسلامی اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹی، تاہم وزیراعظم کی جانب سے رابطے اور آئندہ پیش رفت کو دیکھتے ہوئے مستقبل کے لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جائے گا۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے مزید کہا کہ اگر پٹرولیم لیوی ختم نہ کی گئی تو جماعت اسلامی لانگ مارچ کی نئی تاریخ کا اعلان کرے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.