اسلام آباد سے پشاور سفر بحال، ایم ون موٹر وے پر ٹریفک چل پڑی
راولپنڈی-پانچ روز تک بند رہنے والی پشاور موٹر وے ایم ون کو بحالی کے بعد اسلام آباد سے پشاور اور پشاور سے اسلام آباد دونوں اطراف ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔
نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے مطابق ایم ون موٹر وے پر ٹریفک معمول کے مطابق بحال کردی گئی ہے، تاہم بعض مقامات اور انٹرچینجز پر بحالی کا کام اب بھی جاری ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹر وے ایم 14 پر ہکلہ سے کنڈل تک بحالی کا کام جاری ہے، جبکہ ایم ون کو ہزارہ موٹر وے سے ملانے والے لوپ پر بھی کام کیا جارہا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ اسلام آباد سے ایبٹ آباد جانے والی ٹریفک برہان انٹرچینج سے نکل کر جی ٹی روڈ کے ذریعے حسن ابدال پہنچ سکتی ہے، جہاں سے جھاری کس انٹرچینج کے راستے دوبارہ ہزارہ ایکسپریس وے کو جوائن کیا جاسکتا ہے۔
دوسری جانب جی ٹی روڈ این فائیو اسلام آباد سے پشاور تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے پہلے ہی بحال ہے، جبکہ پشاور موٹر وے ایم ون کے بعض انٹرچینجز پر بحالی کا کام جاری ہے۔