تازہ ترین

عالمی یومِ خبر: خبر کی بنیاد صداقت، تحقیق اور تصدیق ہے، سرفراز بگٹی

0

کوئٹہ- عالمی یومِ خبر کے موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور معاون وزیراعلیٰ برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے کہا ہے کہ صحافت میں خبر کی اصل بنیاد صداقت، تحقیق اور حقائق کی درست ترجمانی ہے، جبکہ ڈیجیٹل دور میں جعلی اور غیر مصدقہ معلومات کے پھیلاؤ نے میڈیا کی ذمہ داریوں کو مزید اہم بنا دیا ہے۔

وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اپنے پیغام میں کہا کہ موجودہ دور میں معلومات چند لمحوں میں دنیا بھر تک پہنچ جاتی ہیں، تاہم ہر گردش کرنے والی اطلاع خبر نہیں ہوتی۔ صحافیوں اور میڈیا اداروں پر لازم ہے کہ کسی بھی اطلاع کی اشاعت یا نشر کرنے سے قبل اس کے حقائق اور ذرائع کی مکمل تصدیق کریں۔

انہوں نے کہا کہ صحافت کا بنیادی مقصد عوام کو درست، بروقت اور قابلِ اعتماد معلومات فراہم کرنا ہے۔ خبر میں معمولی سی غلطی بھی عوامی رائے، اداروں کی ساکھ اور معاشرے میں اعتماد کو متاثر کرسکتی ہے، اس لیے تحقیق، تصدیق اور ذمہ داری کو صحافت کے بنیادی اصولوں میں شامل ہونا چاہیے۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سوشل میڈیا نے معلومات تک رسائی آسان بنائی ہے، تاہم جعلی خبروں، افواہوں اور گمراہ کن معلومات کے پھیلاؤ کے امکانات بھی بڑھ گئے ہیں۔ ایسے ماحول میں پیشہ ورانہ صحافت حقائق کی کھوج، ذرائع کی تصدیق اور مختلف پہلوؤں کو سامنے لا کر معاشرے کو درست معلومات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ آزادیٔ صحافت جمہوری معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے اور صحافیوں کو پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرنے کے لیے سازگار ماحول ملنا چاہیے۔ آزادیٔ اظہار کے ساتھ ذمہ دارانہ صحافت اور پیشہ ورانہ اخلاقیات کی پاسداری بھی ضروری ہے۔

انہوں نے بلوچستان کے صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے صحافیوں نے مشکل حالات میں بھی اپنے فرائض انجام دیے ہیں۔ صوبائی حکومت صحافیوں اور میڈیا کے مسائل کے حل اور مثبت صحافتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گی۔

معاون وزیراعلیٰ برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے کہا کہ ڈیجیٹل دور میں خبر کی صحت اور عوامی مفاد کو فوری خبر دینے کی دوڑ پر ترجیح دی جانی چاہیے۔ کسی بھی اطلاع کو خبر بنانے سے قبل اس کے ذرائع، حقائق اور پس منظر کی مکمل تصدیق ضروری ہے۔

شاہد رند نے کہا کہ ایک غیر مصدقہ اطلاع چند لمحوں میں ہزاروں افراد تک پہنچ سکتی ہے، اس لیے خبر کی اشاعت سے پہلے حقائق کی جانچ ناگزیر ہے۔ آزاد اور ذمہ دار میڈیا معاشرے میں شعور اجاگر کرنے، عوامی مسائل سامنے لانے اور اداروں کو جوابدہ بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحافت کی آزادی کے ساتھ پیشہ ورانہ ذمہ داری اور اخلاقی تقاضوں کی پاسداری بھی ضروری ہے۔ شاہد رند نے بلوچستان کے صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت صحافی برادری کے مسائل کے حل اور آزاد، ذمہ دار اور مثبت صحافتی ماحول کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.