1. گورنر کے پی کا وزیراعلیٰ پر صوبائی ذمہ داریاں پوری کرنے پر زور
پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے لانگ مارچ سے متعلق بیانات پر تنقید کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر مختلف ویڈیوز شیئر کی ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے اپنے بیان میں صوبے کی سکیورٹی صورتحال اور پولیس و سکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کو اس وقت دہشت گردی کے چیلنج کا سامنا ہے اور صوبائی حکومت کو عوام کے تحفظ اور اپنی آئینی و انتظامی ذمہ داریوں پر توجہ دینی چاہیے۔
گورنر نے سہیل آفریدی کے ان بیانات کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جن میں انہوں نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کی تاریخوں کے حوالے سے گفتگو کی تھی۔ فیصل کریم کنڈی نے ایک ویڈیو کے ساتھ دعویٰ کیا کہ وزیراعلیٰ کی جانب سے مارچ کو ’’ٹیسٹ مارچ‘‘ سے تشبیہ دی گئی، جبکہ ایک دوسری ویڈیو میں تاریخ سے متعلق مختلف مؤقف سامنے آیا۔
یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے امکان پر بھی سیاسی بحث جاری ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے 25 ستمبر کو کہا تھا کہ صوبے میں گورنر راج کے امکان پر مشاورت ہوئی ہے اور آئین میں اس کی گنجائش موجود ہے۔