تازہ ترین

ایران امریکا سے مذاکرات کیلئے تیار، طاقت کا دباؤ قبول نہیں، پزشکیان

0

تہران- ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکا کے ساتھ مذاکرات پر آمادگی ظاہر کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ بات چیت طاقت یا دباؤ کے ذریعے مسلط کیے گئے فیصلوں کی بنیاد پر قبول نہیں ہوگی۔

نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران نے کسی ملک کے خلاف جارحیت کا آغاز نہیں کیا بلکہ اس کے مطابق اپنے دفاع میں اقدامات کیے ہیں۔

ایرانی صدر نے امریکی پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکا بعض اوقات ان ممالک یا قوتوں کو دہشت گرد قرار دیتا ہے جنہیں وہ اپنے مفادات کے لیے نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔

مسعود پزشکیان کے مطابق ایران خطے میں امن و سلامتی کے لیے تعاون اور شراکت داری کا خواہاں ہے اور چاہتا ہے کہ خطے کے تمام ممالک، خصوصاً ہمسایہ ریاستیں، مضبوط اور مستحکم ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ایران کو اپنے دفاع یا اپنے مؤقف کے اظہار کے لیے کسی دوسرے ملک سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران مذاکرات اور سفارت کاری کا راستہ کھلا رکھتا ہے، تاہم طاقت کی زبان قبول نہیں کرے گا۔

ایرانی صدر نے مزید بتایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکی آمیز تقریر سننے کے بعد انہوں نے اپنی تقریر کے انداز میں تبدیلی کا فیصلہ کیا اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پہلے سے تیار کردہ تقریر کے بجائے مختلف مؤقف پیش کیا۔

پزشکیان کا کہنا تھا کہ اختلافات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی گنجائش موجود رہنی چاہیے، تاہم ایران اپنی خودمختاری اور اپنے مؤقف پر دباؤ قبول نہیں کرے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.