ایران کے ہاتھوں شکست، پاکستان کی کبڈی ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر
آئچی ناگویا: پاکستان کی مینز کبڈی ٹیم ایشین گیمز کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سیمی فائنل مرحلے تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام ہوگئی، جس کے بعد قومی ٹیم ایونٹ کی تاریخ میں پہلی بار بغیر تمغے کے وطن واپس لوٹے گی۔
پاکستان کی سیمی فائنل تک پہنچنے کی امیدیں گروپ کے آخری میچ میں ایران کے ہاتھوں 51-30 کی شکست کے ساتھ ختم ہوئیں۔ قومی ٹیم نے گروپ مرحلے کے چار میچز میں سے دو میں کامیابی حاصل کی۔
پاکستان نے ایشین گیمز میں اپنی مہم کا آغاز ملائیشیا کے خلاف 65-22 کی کامیابی سے کیا، جبکہ دوسرے میچ میں نیپال کو 58-43 سے شکست دی۔ تاہم تھائی لینڈ کے خلاف 48-45 کی شکست نے سیمی فائنل کی دوڑ کو مشکل بنا دیا۔
گروپ کے آخری میچ میں پاکستان کو مضبوط ایرانی ٹیم کے خلاف 51-30 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے نتیجے میں قومی ٹیم سیمی فائنل مرحلے سے باہر ہوگئی۔
کبڈی 1990 سے ایشین گیمز کا مستقل حصہ ہے اور پاکستان نے اس سے قبل ہر ایڈیشن کے مینز مقابلوں میں کم از کم ایک تمغہ حاصل کیا تھا۔
پاکستان نے ایشین گیمز کی مینز کبڈی میں اب تک مجموعی طور پر 9 تمغے جیتے ہیں، جن میں 2 چاندی اور 7 کانسی کے تمغے شامل ہیں۔
آئچی ناگویا ایشین گیمز میں گروپ مرحلے سے اخراج کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا جب پاکستان کی مینز کبڈی ٹیم ایشین گیمز سے بغیر تمغے کے واپس لوٹے گی۔