تازہ ترین

غزہ میں70 فیصد علاقہ خالی کرا لیا: اسرائیلی وزیر دفاع

0

تل ابیب: غزہ میں جاری جنگ اور فلسطینی آبادی کی منتقلی سے متعلق اسرائیل کے منصوبے پر اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے ایک بار پھر اہم بیان دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ غزہ کے تقریباً 70 فیصد علاقے کو آبادی سے خالی کرایا جاچکا ہے اور اسرائیلی فوج حماس کے خلاف کارروائی مکمل کرنے کے لیے تیار ہے۔

اسرائیلی وزیر دفاع کے مطابق اگر فوج کو حماس کے خاتمے کی ہدایت دی جاتی ہے تو وہ کارروائی مکمل کرکے غزہ سے فلسطینی آبادی کی منتقلی کے منصوبے پر عمل درآمد کی جانب بڑھ سکتی ہے۔

اس سے قبل رواں ماہ اسرائیل کاٹز نے کہا تھا کہ اسرائیل فلسطینیوں کو غزہ سے زمینی اور سمندری راستوں کے ذریعے منتقل کرنے کے لیے تیار ہے، تاہم اس معاملے میں امریکا کے فیصلے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق تقریباً 20 لاکھ فلسطینیوں کو کہاں منتقل کیا جائے، اس پر بھی غور جاری ہے۔

کاٹز نے اس منصوبے کو رضاکارانہ قرار دیا ہے، جبکہ امریکی حکام کی جانب سے فلسطینیوں کو ان کی مرضی کے خلاف غزہ سے بے دخل کرنے کے کسی منصوبے کی تردید بھی سامنے آ چکی ہے۔

اسرائیلی وزیر دفاع نے ترک صدر رجب طیب اردوان کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اگر وہ غزہ کے فلسطینیوں کی مدد کرنا چاہتے ہیں تو حماس کے ارکان کو ترکیہ منتقل ہونے کی دعوت دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل اپنے سیکیورٹی اہداف کے حصول کے لیے کارروائی جاری رکھے گا اور اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کرے گا کہ 7 اکتوبر 2023 جیسے حملے کا خطرہ دوبارہ پیدا نہ ہو۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.