تازہ ترین

سعودی عرب کی اضافی تیل کی پیشکش، عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی

0

لندن: مشرق وسطیٰ میں تیل کی رسد متاثر ہونے کے خدشات میں کمی نے عالمی منڈی پر دباؤ کم کردیا، سعودی عرب کی جانب سے عمان کے راستے اضافی خام تیل فراہم کرنے کی پیشکش کے بعد جمعرات کو ابتدائی کاروبار میں برینٹ اور امریکی خام تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔

برینٹ کروڈ آئل 0.04 فیصد کمی کے بعد 105.8 ڈالر فی بیرل پر آگیا، جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت 0.08 فیصد کم ہوکر 102.3 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔

اس کے برعکس اماراتی مربن خام تیل کی قیمت میں 0.04 فیصد اضافہ ہوا اور اس کی ٹریڈنگ 123.8 ڈالر فی بیرل کے قریب جاری رہی۔

مارکیٹ ماہر ہیرویوکی کیکوکاوا کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے عمان کے راستے اضافی تیل کی ترسیل کی اطلاعات نے عالمی منڈی میں سپلائی محدود ہونے کے خدشات کو کسی حد تک کم کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئندہ ہفتے امریکا اور چین کے سربراہان کی متوقع ملاقات سے قبل مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم ہونے کی توقعات بھی خام تیل کی قیمتوں میں مزید اضافے کو محدود کر رہی ہیں۔

رواں ہفتے کے آغاز میں خام تیل کی قیمتیں تقریباً چار ماہ کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئی تھیں۔ اس اضافے کی بڑی وجہ سعودی عرب کی بحیرہ احمر میں واقع ینبع بندرگاہ سے خام تیل کی برآمد میں رکاوٹ اور یورپی خریداروں کے لیے بعض کارگو منسوخ ہونے کی اطلاعات تھیں۔

امریکی انرجی انفارمیشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق گزشتہ ہفتے امریکا کے خام تیل کے ذخائر میں تقریباً 6 لاکھ 40 ہزار بیرل کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ مارکیٹ ماہرین نے تقریباً 16 لاکھ 20 ہزار بیرل کمی کی توقع ظاہر کی تھی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.