تازہ ترین

سعودی عرب کا تحفظ یقینی بنانا امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے: فضل الرحمٰن

0

اسلام آباد: مکہ مکرمہ کے قریب ڈرون حملے کی مبینہ کوشش کے بعد جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے سعودی عرب اور حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے عالم اسلام کی جانب سے مؤثر اور متحد ردعمل کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ تازہ واقعے کے حوالے سے سعودی حکام نے ڈرون کو مکہ مکرمہ کے جنوب میں روکنے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ حوثیوں نے مکہ یا مقدس مقامات کو نشانہ بنانے کی تردید کی ہے۔

مولانا فضل الرحمٰن نے اپنے بیان میں کہا کہ مکہ مکرمہ پر حملہ عالم اسلام پر حملہ تصور ہوگا اور امت مسلمہ کو ایسے کسی اقدام کا بھرپور جواب دینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کا تحفظ یقینی بنانا ضروری ہے اور پاکستان کو حرمین شریفین کے تحفظ کے حوالے سے واضح پالیسی کا اعلان کرنا چاہیے۔

مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں ایک مضبوط اور مؤثر اسلامی بلاک کے قیام کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ محسوس ہورہی ہے۔

انہوں نے سعودی عرب پر ہونے والے حملوں کو خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان واقعات نے امریکا اور مغربی دنیا کے دوہرے رویے سے متعلق سوالات کو مزید نمایاں کردیا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی حکام کے مطابق مکہ مکرمہ کے قریب حوثیوں کی جانب سے آنے والے ایک ڈرون کو ممنوعہ فضائی حدود میں داخل ہونے سے پہلے تباہ کردیا گیا، جبکہ حوثی گروپ نے مکہ یا دیگر مقدس مقامات کو نشانہ بنانے کی تردید کی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.