تازہ ترین

امریکی پابندیوں کا مقصد ایرانی معاشرے کو تباہ کرنا ہے: پزشکیان

0

تہران: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکا پر الزام عائد کیا ہے کہ اس کی عائد کردہ پابندیوں اور پیدا کردہ مسائل کا مقصد ایرانی معاشرے کو اندرونی طور پر کمزور اور تباہ کرنا ہے۔

تہران میں وزارتِ محنت کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسعود پزشکیان نے کہا کہ امریکی اقدامات کا مقصد ایران کو بیرونی تجارت سے حاصل ہونے والی آمدنی سے محروم کرنا اور اس کے معاشی وسائل پر دباؤ بڑھانا ہے۔

ایرانی صدر نے الزام عائد کیا کہ بیرون ملک مقیم بعض ایرانی عناصر بھی تہران کے دشمنوں کے ساتھ مل کر ملک میں عوام کو مشتعل کرنے اور بدامنی و انتشار پیدا کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر امریکی حکمران جنگ چاہتے ہیں تو انہیں ایرانی فوج کا براہ راست سامنا کرنا چاہیے، شہری بنیادی ڈھانچے، خوراک کے ذخائر، پانی اور ادویات کو نشانہ بنا کر جنگ مسلط کرنے کا کیا جواز ہے۔

مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایرانی قوم کو دھمکیوں کے ذریعے جھکایا نہیں جا سکتا اور ایران کبھی ہتھیار نہیں ڈالے گا۔

علاقائی تعلقات اور تنازعات کے حوالے سے ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کے اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات ہیں، تاہم خطے میں موجود امریکی فوجی اڈے ایک اہم مسئلہ ہیں، جہاں سے ایران پر حملے کیے جاتے ہیں۔

انہوں نے پڑوسی ممالک پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین ایران کے خلاف استعمال نہ ہونے دیں۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے پاکستان کو دوست ہمسایہ ملک قرار دیتے ہوئے امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔

دریں اثنا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آئرلینڈ میں گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ایران ہر قیمت پر معاہدہ کرنا چاہتا ہے، تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی نامکمل معاہدے پر دستخط نہیں کریں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.