کوئٹہ: بلوچستان میں سرکاری ملازمتوں کے نظام کو شفاف بنانے کے لیے وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے واضح اور سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے سینئر افسران سے حلف لیا ہے کہ صوبے میں سرکاری نوکریوں کی خرید و فروخت کسی صورت نہیں ہونے دی جائے گی۔
کوئٹہ میں وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کی زیر صدارت سیکرٹریز کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں مختلف محکموں کی کارکردگی اور اہم انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے سینئر افسران سے اس عزم کا اظہار کروایا کہ بلوچستان میں کسی بھی سرکاری نوکری کی فروخت یا خرید و فروخت نہیں ہوگی۔
سرفراز بگٹی نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اگر سرکاری ملازمتوں کی خرید و فروخت کا معاملہ ثابت ہوا تو اس میں ملوث کسی سیکرٹری یا وزیر کو بھی رعایت نہیں دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے محکمہ جنگلات میں بھرتیوں کے حوالے سے سامنے آنے والی بے ضابطگیوں کی شکایات کا بھی نوٹس لیا اور معاملے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دے دیا۔