تازہ ترین

پاکستان کا اسرائیلی بستیوں پر برطانیہ کی پابندیوں کا خیرمقدم

0

اسلام آباد: پاکستان نے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی بستیوں کے خلاف برطانیہ کی قیادت میں عائد کی گئی پابندیوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان غیر قانونی بستیوں کی تعمیر اور توسیع دو ریاستی حل کے قیام کی راہ میں سنگین رکاوٹ ہے۔

برطانیہ نے کینیڈا اور فرانس کے ساتھ مل کر گزشتہ روز اسرائیلی بستیوں کے خلاف اقدامات کا اعلان کیا۔ برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ نے کہا کہ اسرائیلی حکومت مغربی کنارے میں ’’نسلی صفائی‘‘ کے خلاف مؤثر کارروائی کرنے میں ناکام رہی ہے۔

دوسری جانب ڈنمارک، فن لینڈ، آئس لینڈ، آئرلینڈ، ناروے، پولینڈ، پرتگال، اسپین اور سویڈن سمیت 12 ممالک کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ وہ بھی اسرائیلی بستیوں کے خلاف اسی نوعیت کے اقدامات پر غور کر رہے ہیں۔ ان ممالک کا کہنا ہے کہ مغربی کنارے میں اسرائیل کی پالیسیاں اور اقدامات قابلِ عمل دو ریاستی حل کے امکانات کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

پاکستان کے دفتر خارجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں ان اقدامات کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی بستیوں کی مسلسل تعمیر اور توسیع بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق اسرائیلی آبادکاری کی پالیسی دو ریاستی حل کی جانب پیش رفت میں رکاوٹ بن رہی ہے۔ پاکستان نے ان 12 ممالک کے مؤقف کا بھی خیرمقدم کیا جو اسرائیلی بستیوں کے خلاف اسی طرح کے اقدامات پر غور کر رہے ہیں۔

پاکستان نے امید ظاہر کی کہ ان پابندیوں سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کے غیر قانونی اقدامات کے خلاف عالمی سطح پر ایک مضبوط پیغام جائے گا۔ پاکستان نے فلسطینی عوام کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ فلسطینیوں کے حقِ خودارادیت کے جائز حق کی حمایت جاری رکھے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.