جنوبی لبنان پر اسرائیلی بمباری، 11 افراد جاں بحق، کئی زخمی
بیروت: جنوبی لبنان میں اسرائیلی فضائی اور ڈرون حملوں کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد جاں بحق ہوگئے، جن میں دو بچے اور دو طبی کارکن بھی شامل ہیں۔ حملوں میں رہائشی عمارت اور ایک شہری گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔
لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے کفر رمان میں نصف شب کے کچھ دیر بعد ایک رہائشی عمارت پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 9 افراد جان سے گئے، جن میں 2 بچے بھی شامل تھے، جبکہ 5 افراد زخمی ہوئے۔
اسی علاقے میں ایک الگ ڈرون حملے میں شہری گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، جس میں موجود 2 طبی کارکن جاں بحق ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق یہ ہلاکتیں لبنان میں گزشتہ روز اسرائیلی حملوں میں ہونے والی کم از کم 7 اموات کے بعد سامنے آئی ہیں۔ حالیہ دنوں میں جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ جون میں ہونے والی جنگ بندی کے باوجود علاقے میں فوجی سرگرمیاں جاری ہیں۔
حملوں کے وقت اسرائیلی فوج کی جانب سے آن لائن کوئی پیشگی انخلا کی وارننگ جاری نہیں کی گئی تھی۔ خبر رساں ادارے رائٹرز نے اسرائیلی فوج سے حملوں اور ہلاکتوں کے بارے میں سوالات کیے، جن میں یہ بھی پوچھا گیا کہ کیا فوج کو بچوں اور طبی کارکنوں کی موجودگی کا علم تھا اور حملے سے قبل انخلا کی وارننگ کیوں نہیں دی گئی۔
بعد ازاں اسرائیلی فوجی ترجمان نے رات 2 بجے کے بعد جنوبی لبنان کے ایک دوسرے علاقے کے لیے انخلا کی وارننگ جاری کی اور کہا کہ وہاں حزب اللہ کی تنصیبات کو نشانہ بنایا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق مارچ 2 کے بعد سے لبنان میں اسرائیلی حملوں میں 4,300 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ جنگ بندی کے باوجود جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فوج کی کارروائیاں اور تباہی کا سلسلہ جاری رہنے کی اطلاعات ہیں۔