بلوچستان میں امن و امان اور سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا، جہاں انہیں صوبے کی مجموعی صورتحال اور امن و استحکام کے لیے جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔”
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دورے کے دوران فیلڈ فارمیشنز کے کمانڈرز اور کمانڈنگ افسران سے ملاقات کی۔ انہیں صوبے کی سکیورٹی صورتحال، آپریشنل تیاریوں اور امن و استحکام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے جاری کوششوں سے آگاہ کیا گیا۔
بریفنگ کے دوران ادارہ جاتی رابطہ کاری اور بلوچستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے معاونت سے متعلق امور بھی زیرِ غور آئے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے فوجی جوانوں اور افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیت، آپریشنل تیاری اور عزم کو سراہا۔ انہوں نے امن کے استحکام اور اقتصادی سرگرمیوں و ترقی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی غرض سے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر ریاستی اداروں کے درمیان مسلسل رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کے عوام کا امن، خوشحالی اور فلاح و بہبود ریاست کی کوششوں کا مرکزی محور ہے۔ انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور افسران و جوانوں کی لگن اور خدمات کو بھی سراہا۔