امریکا کو عرب ممالک اور ایرانی خودمختاری کی کوئی پروا نہیں: عباس عراقچی
تہران: ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکا پر عرب ممالک اور ایران کی خودمختاری کو نظر انداز کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران امریکی کارروائیوں کے ساتھ خطے کی حدود کے استعمال پر بھی شدید تحفظات رکھتا ہے۔
اردن کے وزیر خارجہ کے ایک بیان پر ردعمل دیتے ہوئے عباس عراقچی نے سوال اٹھایا کہ کیا وہ اس بات سے لاعلم ہیں کہ امریکا نے ابتدائی حملوں کے دوران بعض عرب ممالک کی فضائی، زمینی اور سمندری حدود استعمال کیں۔
ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق ان کارروائیوں کے نتیجے میں، ان کے بقول، بے گناہ ایرانی شہری بھی مارے گئے۔
عباس عراقچی نے مزید سوال کیا کہ ایران کو ایسے جارح کے خلاف جواب دینے سے پہلے مزید کتنا انتظار کرنا چاہیے جو ان کے مطابق نہ عرب ممالک کی خودمختاری کا احترام کرتا ہے اور نہ ہی ایران کی۔
ایرانی وزیر خارجہ کا یہ بیان ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران سامنے آیا ہے۔
عراقچی کے بیان سے واضح ہوتا ہے کہ تہران امریکی فوجی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ خطے کے بعض عرب ممالک کی حدود کے استعمال کو بھی اپنے لیے ایک اہم اعتراض سمجھتا ہے۔