سپانٹک پہاڑ پر جاری ریسکیو اور سرچ آپریشن بالآخر کامیاب ہوگیا، جہاں جاں بحق ہونے والی خاتون کوہ پیما ڈاکٹر اسما مشتاق کا جسد خاکی تلاش کرلیا گیا۔ مقامی کوہ پیماؤں کی ٹیم نے 7 ہزار 27 میٹر بلند اور دشوار گزار سپانٹک پہاڑ پر شدید مشکلات کے باوجود سرچ آپریشن جاری رکھا اور ڈیڈ باڈی کا سراغ لگانے میں کامیاب ہوگئی۔
ریسکیو ٹیم میں محبوب، عابدین نمبردار، مظاہر حسین، حسین بیگ اور عباس علی شامل تھے۔ مقامی کوہ پیماؤں نے مشکل موسمی اور جغرافیائی حالات کے باوجود آپریشن جاری رکھا اور ڈاکٹر اسما مشتاق کی لاش تلاش کرنے میں اہم پیش رفت کی۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر اسما مشتاق کے جسد خاکی کو ریکور کرنے کے لیے روانہ کی گئی ریسکیو ٹیم نے کیمپ 3 سے کچھ فاصلے آگے ڈیڈ باڈی تلاش کرلی۔
ریسکیو ٹیم اب جسد خاکی کو محفوظ طریقے سے بیس کیمپ تک منتقل کرنے کے لیے انتظامات اور طریقہ کار کو حتمی شکل دے رہی ہے۔