تازہ ترین

ایران جنگ سے امریکا کمزور ہوا، روس کو مفادات حاصل کرنے کا موقع مل گیا: پیوٹن

0

ایران کے ساتھ جنگ کے نتیجے میں امریکا کی عسکری اور سفارتی صلاحیتوں پر پڑنے والے ممکنہ اثرات نے روسی قیادت کی توجہ حاصل کرلی ہے۔ ایک امریکی اخبار نے امریکی انٹیلی جنس رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سمجھتے ہیں کہ ایران جنگ کے باعث امریکا کمزور ہوا ہے اور موجودہ صورتحال روس کے لیے اپنے مفادات آگے بڑھانے کا اہم موقع بن سکتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق روسی صدر کا خیال ہے کہ امریکا کی موجودہ مصروفیات اور ممکنہ کمزوری سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ماسکو یورپ میں امریکی مفادات اور اس کے اتحادیوں کے خلاف اپنی سرگرمیوں میں اضافہ کرسکتا ہے۔ امریکی انٹیلی جنس حکام روسی قیادت کے اس تاثر پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں کہ مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ نے امریکا کی عسکری اور سفارتی توجہ کو متاثر کیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے سربراہ جان ریٹکلف نے روس کے دورے کے دوران ماسکو کو یوکرین کے خلاف جنگ میں مزید کشیدگی پیدا کرنے سے گریز کرنے کی تنبیہ کی۔ جان ریٹکلف نے روسی حکام پر واضح کیا کہ یوکرین کے خلاف کسی نئی کارروائی یا جنگ میں اضافے کے نتائج روس کے لیے بھی نقصان دہ ثابت ہوسکتے ہیں۔

امریکی حکام کو خدشہ ہے کہ اگر روس نے مشرق وسطیٰ میں امریکا کی بڑھتی ہوئی فوجی اور سفارتی مصروفیات کو اپنے لیے ایک موقع تصور کیا تو یورپ اور یوکرین کے معاملے پر کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے۔ اس صورتحال میں روس کی جانب سے اپنے علاقائی اور تزویراتی مفادات کے حصول کے لیے زیادہ جارحانہ اقدامات کیے جانے کا امکان امریکی انٹیلی جنس کے لیے باعث تشویش ہے۔

یہ رپورٹ ایسے وقت سامنے آئی ہے جب یوکرین جنگ کے معاملے پر روس اور مغربی ممالک کے درمیان پہلے ہی شدید اختلافات موجود ہیں۔ دوسری جانب مشرق وسطیٰ میں امریکا کی بڑھتی ہوئی فوجی اور سفارتی سرگرمیوں نے عالمی طاقتوں کے درمیان پہلے سے موجود کشیدگی کو مزید پیچیدہ کردیا ہے۔

امریکی انٹیلی جنس کے مطابق روسی قیادت کی سوچ میں امریکا کی موجودہ مصروفیات کو ایک ممکنہ تزویراتی موقع کے طور پر دیکھا جارہا ہے، تاہم واشنگٹن کی جانب سے ماسکو کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ یوکرین میں جنگی کارروائیوں میں مزید اضافہ روس کے لیے بھی سنگین نتائج کا باعث بن سکتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.